منقبت حسین رضی اللہ عنہ

خوشبو حسن کی ذات سے نکہت حسین سے

اسلام کے چمن کی ہے زینت حسین سے

دین خدا کی عزت و شہرت حسین سے

اور مصطفی کے دل کو ہے راحت حسین سے

یوں بھی ہے کربلا کا مقدر عروج پر

کربل کی سرزمیں کی ہے نسبت حسین سے

لفظوں میں جس کو کر نہیں سکتے بیان ہم

اتنی ہے مصطفی کو محبت حسین سے

شاہد ہے یارو آج بھی تاریخ کربلا

زندہ ہوئی ہے رسم شہادت حسین سے

بیعت لیا ہے میں نے حسینی نظام پر

میں اس طرح سے ہوگیا بیعت حسین سے

ارمان صرف تم ہی نہیں عاشق حسین

کرتا ہے کل جہان محبت حسین سے

قاری شاہد ارمان مظفرنگری